اک بہت ہی آسان نیکی جس کی ادائیگی میں شاید ہی ایک دو سیکنڈ لگتے ہوں لیکن اس میں دنیاوی فائدے بھی ہیں اور اخروی فائدے بھی۔ دنیا میں شیاطین سے حفاظت اور آخرت میں اجر وثواب۔
انسان کا ازلی و ابدی دشمن شیطان ہے اور شیطان جنات میں سے ہے جیسا کہ سورۃ الکہف میں ارشاد ہے۔ شیطان و جنات کو یہ طاقت دی گئی ہے کہ یہ انسانوں کو دیکھ سکتے ہیں جبکہ ہم انہیں نہیں دیکھ سکتے۔
چونکہ شیاطین ہمارے ازلی دشمن ہیں لہذا ان کی شرارت و دشمنی سے کچھ بھی بعید نہیں کہ یہ ہمیں کب کہاں اور کیسے نقصان پہنچائیں؟ اللہ تعالیٰ کی حفاظت اور اس کی تائید و نصرت نہ ہو تو کوئی بھی انسان جنات و شیاطین کے شر سے نہیں بچ سکتا لہذا ہمیں یہ سکھایا گیا ہے کہ ہم اپنے آپ کو، اپنے اہل و عیال کو اور اپنے مال کو اللہ کی حفاظت میں دیدیں۔
جہاں تک شیاطین و جنات کی نگاہوں سے بچنے کا تعلق ہے تو اس کا طریقہ کار بھی بتا دیا گیا ہے کہ جب تم اپنی کسی ضرورت کیلئے کپڑے اتارو اور جنات و شیاطین کی نگاہوں کا خطرہ ہو اور تم چاہو کہ جنات و شیاطین تمہیں برہنہ حالت میں نہ دیکھ سکیں تو کپڑے اتارتے ہوئے’’ بسم اللہ ‘‘ کہہ دو، اسی طرح اگر بیت الخلاء میں ان کی نگاہوں سے بچنا چاہو تو وہاں بھی’’ بسم اللہ ‘‘ کہہ دو، تمہاری حفاظت ہوجائے گی۔ (صحیح الجامع)
غور کیجئے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر کتنا مہربان ہے اور شیطان و جنات جیسے دشمن سے بچاؤ کے کیا کیا طریقے سکھاتا ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم اس دعاء کو پڑھ کرا پنے آپ کو ازلی دشمن کے شرور و فتن سے محفوظ رکھیں، اللہ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے ۔