نبی اکرمﷺ اور اہل ایمان کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ تم کبھی دعوے سے یہ نہ کہہ دینا کہ میں کل فلاں کام کر دوں گا۔

تم کو کیا خبر کہ تم وہ کام کرسکو گے یا نہیں۔

نہ تمہیں غیب کا علم ہے اور نہ تم اپنے افعال میں ایسے خود مختار کہ جو کچھ چاہو کر سکو۔

اس لئے اگر کبھی بے خیالی میں ایسی بات زبان سے نکل بھی جائے تو فوراً متنبہ ہوکر اللہ کو یاد کرو اور ان شاء اللہ کہہ دیا کرو۔

مزید برآں تم یہ بھی نہیں جانتے کہ جس کام کے کرنے کو تم کہہ رہے ہو آیا اس میں خیر ہے یا کوئی دوسرا کام اس سے بہتر ہے۔

لہذا اللہ پر اعتماد کرتے ہوئے یوں کہا کرو کہ امید ہے کہ میرا رب اس معاملے میں صحیح بات یا صحیح طرز عمل کی طرف میری رہنمائی فرمادے گا۔

( تفہیم القرآن ۔ از سید ابو الاعلی مودودیؒ)