دوران نماز کثرتِ حرکات سے نماز نہ صرف متاثر ہوتی ہے بلکہ اس کی وجہ سے خشوع اور خضوع بھی ختم ہوتا جو نماز کا لازمہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے’ اللہ کے آگے اس طرح کھڑے ہو جیسے فرماں بردار غلام کھڑے ہوتے ہیں‘۔ (البقرہ238)۔

معلوم ہوا کہ نماز کی حالت میں خشوع وخضوع بہت ضروری ہے۔ رسول اکرمﷺ سے دریافت کیا گیا کہ زمین ہموار نہ ہونے کی وجہ سے سجدہ کرنے میں دقت پیش آئے تو کیا (دوران نماز ہی) مٹی کو برابر کیا جاسکتا ہے؟۔

آپ ﷺ نے فرمایا:

دوران نماز مٹی وغیرہ کو برابر نہ کرو، اگر بہت ہی ضروری ہو تو صرف ایک مرتبہ کنکریاں برابر کرسکتے ہو۔ (ابوداؤد) ۔

نماز میں مکمل توجہ، اطمینان و سکون اور وقار نماز کی درست ادائیگی کے لئے ضروری ہیں۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:

جب تک آدمی رکوع اور سجدے میں اپنی پشت کو سیدھا نہ کرے اس کی نماز نہیں ہوتی۔ (ابوداؤد) ۔

نماز میں اطمینان اور رکوع اور سجود میں پشت کو سیدھا کرنا پسندیدہ فعل ہے۔